علی پبلک اسکول میں حافظ محی الدین احمد ابن مدثر موٹیا کے اعزاز میں منعقد ہوا پروگرام

بھٹکل23؍نومبر 2023 (فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول میں محی الدین احمد ابن مدثر موٹیا کے حفظِ قرآن کی تکمیل پران کے اعزاز میں آج دوپہر بارہ بجے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق صدر بھٹکل مسلم جماعت قطر مولانا عبدالعظیم رکن الدین ندوی نے مذکورہ طالب علم کے حفظ کی تکمیل کی۔

اس موقع پر اسکول کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی ، صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم قاسمی اور اسٹیج پر موجود دیگر مہمانان نے حافظ محی الدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آخرت میں حافظِ قرآن کو ملنے والے اعزاز پر روشنی ڈالی اورجن طلبہ نے اب تک حفظ شروع نہیں کیا ہے انہیں بھی حفظ شروع کرنے کی ترغیب دی۔

مولانا عبداللہ شریح ندوی نے اسکول کے شعبۂ حفظ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ علی پبلک اسکول میں طلبہ کے لیے پچھلے پانچ سال سے اور طالبات کے لیے تین سال سے حفظِ قرآن کا نظم ہے جس میں تقریباً ڈھائی سو طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں اور اس شعبہ میں 20 اساتذہ ومعلمات اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب تک 19 طلبہ وطالبات نے حفظِ قرآن کی تکمیل کی ہے۔ اس کے علاوہ ایک بڑی تعداد ایس ایس ایل سی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مدارس میں داخلہ لے کراسکول میں شروع کیے گیے حفظ کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہیں اور وہاں سے وہ حفظِ قرآن کی تکمیل کررہے ہیں جو بڑی خوش آئند بات ہے۔

مولانا احمد ایاد ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو حفظ کا شوق دلانے کے لیے ماہانہ مسابقے منعقد کیے جاتے ہیں جن میں ممتاز نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا جاتا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ایک ماہ میں پندرہ صفحات حفظ مکمل کرنے والے طلبہ کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم صرف طلبہ وطالبات اپنی ہم جماعتوں کو دیکھ کر حفظ کا سلسلہ شروع کرتے ہیں اوراسکول کی طرف سے انہیں پوری سہولیات بغیر اضافی فیس کے مہیا کرائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ محی الدین احمد ابن مدثر موٹیا نے مولانا حزقیل اکرمی ندوی کے پاس اپنا حفظ مکمل کیا۔

قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی کی دعا پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔  

Share this post

Loading...