بھٹکل : علی پبلک اسکول کے دسویں جماعت سے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں منعقد ہوئی الوداعی نشست ، پڑھئے پروگرام کی رپورٹ

alwidayi nashist, aps bhatkal , ali public school bhatkal, aps farewell 2022, moulana ilyas nadwi bhatkali

بھٹکل 14؍ فروری2022(فکروخبرنیوز)  علی پبلک اسکول بھٹکل کے دسویں جماعت سے امسال فراغت حاصل کرنے والے 34 طلبہ کے اعزاز میں آج بوائز اسکول عمارت کے احاطہ میں نویں جماعت کے طلبہ کی جانب سے ایک خوبصورت محفل سجائی گئی ، جس میں فارغ التحصیل طلبہ نے اپنے علمی سفر کی روداد بیان کیں اوراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے اساتذہ اور والدین کے احسانات کا تذکرہ کیا۔ اس دوران کسی نے اس تعلیمی سفر کے ایک مرحلہ کی تکمیل کا سہرا اپنے اساتذہ کے سر باندھا تو کسی نے اس اسکول کے انتخاب پر اپنے والدین کے لیے خوب دعائیں دیں۔

اس موقع پر اسکول کے بانی اور روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ یہ بیچ ان طلبہ پر مشتمل ہے جو مختلف اسکولوں سے آکر ہمارے یہاں زیر تعلیم ہیں۔ ہمارا اصل بیچ جو ایل کے جی سے چلا تھا وہ اب نویں میں ہے۔ ہمارا دسویں کا یہ تیسرا بیچ ہے اور الحمدللہ ہمارے نتائج بھی بہتر آرہے ہیں۔

مولانا نے اپنے محسننین میں حضرت مولانا عبدالباری ندوی  ، جناب سعید دامودی صاحب کے ساتھ ساتھ دیگر محسنین میں جناب عبدالحمید صاحب دامودی اور جناب ابراہیم صاحب قاضیا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ان کی  کوششیں قدم قدم پر ہمارے ساتھ رہیں۔ اب ہمارا پروجیکٹ آئندہ سال سے مقامی بچوں کے لیے ڈے بورڈنگ اور غیر مقامی بچیوں کے لیے فل بورڈنگ قائم کرنے کا ہے اور ہم اس کے لیے تیاری جاری رکھے ہیں۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ مختلف علاقوں سے آکر بچے ہمارے یہاں سول سرویز کی تیاری کریں اور نیٹ اور دیگر امتحانات کے امتحانات دے کر تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں۔  

مولانا نے امسال مختلف شعبہ جات کے قیام کا اجمالی تذکرہ کرتے ہوئے اساتذہ کے لیے تربیتی نشستیں منعقد کرنے کے سلسلہ میں مولانا عبدالباری صاحب دامدا ندوی اور مولانا مشہود سعدا ندوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مولانا نے حفظ کے نظام کی تفصیلات بھی حاضرین کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال سے ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ بچے حفظ میں داخل ہوسکیں، الحمدللہ حفظ میں داخلہ لینے والے بچوں کی پڑھائی متأثر نہیں ہوئی ہے جس کا اعتراف ان کے والدین نے کیا ہے بلکہ والدین اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ حفظ میں داخلہ کے بعد پڑھائی کی طرف بچوں کا رجحان بڑھا ہے اورالحمدللہ اس میدان میں وہ ترقی کررہے ہیں۔

آخر میں اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ اللہ کے فضل اور اس کے احسان سے ہورہا ہے اور جو کچھ آئندہ ہوگا وہ بھی اس کی مدد شاملِ حال ہونے سے ہوگا اور کوتاہیوں اور کمیوں کو اپنی جانب منسوب کیا۔

ہیڈ ماسٹر بوائز سیکشن مولانا احمد بائدہ ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر غیر تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات سامنے رکھی اور طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے مختلف پروگرامات منعقد کرکے طلبہ کے درمیان انعامات تقسیم کیے جانے کی تفصیلات بھی سامنے رکھیں۔

اکیڈمک کورڈنیٹرعرفات لشکری نے طلبہ کو تعلیمی مرحلہ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحتیں کیں۔

مولانا عبدالنور فکردے ندوی نے اسلامی ماحول میں بچوں کی تربیت کے سلسلہ میں بہت اہم باتیں بیان کیں۔

جلسہ کے کنوینر مولانا عبداللہ شریح ندوی نے فارغین کے لئے الوداعی پیغام پیش کیا۔

مدیر ماہنامہ پھول مولانا عبداللہ دامدا ابو ندوی کا تخلیق کردہ منظوم الوداعیہ نویں جماعت کے طالب علم نے پیش کیا۔  اسی طرح مولانا سمعان خلیفہ ندوی کے منظوم نصائح بھی طلبہ نے بڑے بہترین انداز میں پیش کیے۔

نظامت کے فرائض جناب ساجد سَر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ بحسن وخوبی انجام دئیے۔

دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی ، سابق مہتمم جامعہ مولانا فاروق صاحب ندوی ، سابق صدر شعبۂ حفظ جامعہ اسلامیہ بھٹکل محترم حافظ کبیر الدین صاحب ، ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا طلحہ ندوی ، جناب ابراہیم قاضیا صاحب، جناب جان عبدالرحمن صاحب اور دیگر موجود تھے۔

یاد رہے کہ یہ پروگرام فکروخبر کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا تھا۔

اس لنک پر کلک کرکے آپ بھی پروگرام سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔

 

Share this post

Loading...