انجمن کے سابق صدر اور جماعت المسلمین بھٹکل کے سابق نائب صدر جناب عبد الرحیم صاحب جوکاکو کے انتقال پر انجمن آباد مسجد میں ہوا تعزیتی جلسہ کا انعقاد

بھٹکل 02؍مارچ2021(فکروخبرنیوز) شہرِ بھٹکل کی مشہور شخصیت اور انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے سابق صدر ، جماعت المسلمین بھٹکل کے سابق نائب صدر جناب عبد الرحیم جوکاکو صاحب کا کل امریکہ میں مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال پرملال پر آج انجمن کی مسجد میں بعد عصر تعزیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں انجمن کے حالیہ ذمہ داران اور علماء نے مرحوم کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مختلف اوصاف پر روشنی ڈالی۔

انجمن کے صدر جناب مزمل قاضیا صاحب نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ ان کی ابتدائی تعلیم مڈیکیری میں ہوئی اور بنگلور میں بقیہ تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے جاپان میں بھی تعلیم حاصل کی۔ انجمن سے ان سے وابستگی سن 1993 میں ہوئی جب یہ بات سامنے آئی کہ انتظامیہ کے لیے ایک لائحہ عمل طئے کرنا ہے تو انجمن اور خلیج کے ذمہ داران کی ایک نشست منعقد ہوئی جس میں اس کام کے لیے جناب عبدالرحیم صاحب کو کنوینر بنایا گیا۔ اس کے بعد انجمن کے نائب صدر بن گئے اور اس کے بعد جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوئے۔ اس دوران جو خدمت انجام دی ہے وہ ہم فراموش نہیں کرسکتے۔ حالانکہ ان کے اہلِ خانہ بھٹکل میں مقیم نہیں تھےلیکن اس کے باوجود انہوں نے یہاں رہ کراپنی خدمات انجام دی۔

جنرل سکریٹری انجمن حامئی مسلمین بھٹکل جناب اسماعیل صدیق صاحب نے انجمن کی جانب سے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات انجمن ہمیشہ یاد رکھے گا، انہوں نے کہا کہ جس طرح انہوں نے اس ادارہ کے لیے اپنی خدمات انجام دی ہیں وہ بھلائی نہیں جاسکتی۔ وہ اپنے تأثرات کے دوران آبدیدہ ہوگئے اور ان کی شخصیت کو اپنا سرپرست قرار دیا۔

قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ انہوں نے مختلف اداروں میں اپنی خدمات انجام دیں۔ دبئی میں اقامت کے دوران وہ مختلف عہدوں پر فائز رہے اور اپنے عمر کے آخری مراحل میں جب انسان کو آرام کرنے کا تقاضہ ہوتاہے اور وہ عمر اپنے بچوں اور پوتوں اور نواسوں کے درمیان گذارنا چاہتے ہے ، یہ عمر انہوں نے انجمن کے لیے وقف کردی تھی ، انہوں نے اپنا وقت بھی دیا اور مال سے بھی خدمت کی اور یہ انجمن کی خوش نصیبی ہے کہ اس ادارہ کو ایسے افراد ملے۔

 

جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے کہا کہ یہ انجمن کی خصوصیات ہیں کہ وہ اپنے محسنین کو یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میں انجمن کے ذمہ داران سے گذارش کرتا ہوں کہ جتنے ہمارے محسنین ہیں ان کی یادگاریں ہونی چاہیے اور انجمن کی جتنی عمارتیں ہیں وہ انجمن کی خدمت کرنے والوں کے نام موسوم کرنی چاہیے۔ مولانا نے ان کی سادگی اور انجمن سے تعلقات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مہمانوں کا اکرام کرنے والے تھے بلکہ کیمپس کی وژٹ کے ساتھ مہمانوں کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کے اندر آخری درجہ کا تواضع تھا اور ان کو ہماری نسلیں یاد رکھیں گی۔

سابق ایم ایل اے جناب جے ڈی نائک نے کہ جناب عبدالرحیم صاحب جوکاجو ہمارے درمیان نہیں رہے لیکن ایسے محسوس ہورہا ہے کہ وہ ہمارے درمیان ہے ۔ وہ بہت ہی اچھے انسان تھے اور جب بھی ملاقات ہوتی تو حال احوال پوچھتے۔ ان کی بڑی اہم خدمات ہیں۔ خصوصاً تعلیمی میدان میں انہو ںے بڑا کام کیا ہے اور غریبوں کی بھی مدد کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں رہتے ہوئے ایسے کام کرجائیں کہ بعد والے لوگ ہمیں یاد کریں۔

ان کے علاوہ صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی ، نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالعظیم صاحب قاضیا ندوی ، مختلف جماعتوں کی جانب سے قرارداد اور اپنے خیالات کا بھی اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے محاسن کا تذکرہ کیا ، بیرون بھٹکل مقیم افراد نے بھی زوم میٹنگ کے ذریعہ اس مجلس میں شرکت کرتےہوئے ان کے محاسن کا تذکرہ کیا ۔بتادیں نظامت کے فرائض انجمن کے ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق صاحب شاہ بندری نے انجام دی ۔

Share this post

Loading...