انجمن کی اب تک کی ترقی مخلص بانیان اور محسنین کی کوششوں کا نتیجہ : دانشوروں کا اظہارِ خیال
بھٹکل 05؍ جنوری 2019(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے مشہور تعلیمی ادارے انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی آج باقاعدہ طور پر صد سالہ اجلاس کی تقریبات کی افتتاحی تقریب کا انعقاد انجمن آباد کے وسیع وعریض میدان میں کیا گیا۔ تقریب کا آغاز حذیفہ یمان کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا اور صوان رکن الدین نے اس کا ترجمہ پیش کیا۔ بارگاہِ رسالت میں نعت کا نذرانہ حسین قاضیا نے بہترین انداز میں پیش کیا۔ اس تقریب میں کنوینر صد سالہ تقریبات جناب مولوی عبدالرقیب ایم جے نے اپنے افتتاحی کلمات میں انجمن کی خدمات پر مختصراً روشنی ڈالتے ہوئے انسانیت اور ملک کی تعمیر میں آگے بڑھنے والوں کے جذبات کو سراہا اور انجمن کے اس میدان میں کردار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ انجمن نے ہمیشہ سے اعلیٰ اقدار کی حفاظت کے لیے کوششیں کی ہیں اور اس کی یہ کوششیں ہمیشہ کے لیے جاری رہیں گی ۔ انہو ں نے انجمن کی ترقی کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے اس گہوارۂ چمن کو شاداب کرنے اور اس کو یونیورسٹی میں منتقل کرنے کے لیے آگے بڑھنے پر زور دیا۔ جناب اسماعیل صدیق صاحب نے اپنی رپورٹ میں مخلص بانیان اور محسنین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انجمن کی خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر مونٹیسری اور پرائمری سے لے کر ہائی اسکول ، ڈگری کالج اور پوسٹ ڈگری کالجسس بھی موجود ہیں جہاں عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ جنرل سکریٹری صاحب نے اس صد سالہ تقریبات کو انجمن کی ترقی کا ایک نیا باب قرار دیتے ہوئے انجمن کی اس تعلیمی اور ترقی کے سفر میں شامل ہونے کی درخواست کی اور اس کی علمی شمع کو روشن کرنے اور چراغ سے چراغ جلانے کے لیے آگے آنے کی بھی دعوت دی۔
اسی پروگرام پر اسٹیج پر موجود ان مؤقر شخصیات کے ہاتھوں ان معزز اساتذۂ کرام کی تہنیت کی گئی جنہو ں نے اس چمن کو شاداب کرنے کے لیے اپنی عمر کی بیس سے زائد سال یہاں گذارے اور ہمارے طلباء میں موجود خوابیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں صرف کیں ، اسی کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے یونیورسٹی سطح پر اپنا اور اپنے تعلیمی ادارے انجمن کا نام روشن کرنے والے طلباء کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
جلسہ کو باوقار بنانے کے لیے انجمن کے طلباء نے اپنی تمام تر کوششیں صرف کیں اور خوبصورت اسٹیج سجاتے ہوئے حاضرین کے لیے بہتر انتظامات کیے ۔ پارکنگ اور دیگر انتظامات بھی بہتر تھے۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی ۔ اجلاس کی صدارت صدر انجمن جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب نے کی۔
اسٹیج پر قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی ، قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر جناب محمد مزمل قاضیا، اسسٹنٹ کمشنر جناب ساجد ملا اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
Share this post
