انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے نئے عہدیداران کا انتخاب (مزید اہم ترین ساحلی خبریں)

صدر : جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب 
نائب صدر اول : جناب عبدالرحیم دامودی صاحب 
نائب صدر دوم : جناب عبدالرحمن باطن صاحب 
جنرل سکریٹری : جناب محمد انصار قاسمجی صاحب 
سکریٹری : جناب اسماعیل چڈوباپا صدیق صاحب 
سیکریٹری مالیات : جناب امیرالدین کولا صاحب 
سکریٹری انجینئرنگ : جناب عبدالرحمن صدیقی صاحب 
سکریٹری بی بی ے : جناب آفتاب قمری صاحب 
سکریٹری ڈگری کالج : جناب جاوید آرمار صاحب 
سکریٹری اسکول : جناب عبدالواجد کولا صاحب 
سکریٹری دینیات وپرائمری : جناب آصف دامودی صاحب 
سکریٹری ورکنگ کمیٹی : جناب سید پرویز ایس ایم صاحب 
ادارہ فکروخبر بھٹکل تمام منتخب عہدیداران کی خدمت میں پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام نو منتخب عہدیداران اور نئے اراکین انتظامیہ کو اخلاص کے ساتھ قومی وملی کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے ان کے لیے دنیا وآخرت میں فوزو فلاح کا باعث بنائے : آمین 


متنازعہ زمین پرگھاس کاٹنے کی مخالفت کرنے پر دلت برادری سے تعلق رکھنے والے شخص کی انگلیاں کاٹ دیں 

بیلتنگڈی 27؍ جولائی (فکروخبرنیوز) ایک شخص کی جانب سے زمین کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کھیت کاٹے جانے کی مخالفت کرنے پر گھاس کاٹنے والی مشین کے ذریعہ سے دلت نوجوان کی انگلیاں کاٹ دئیے جانے کی واردات تعلقہ نیریا گاؤں میں کل پیش آئی ہے۔ متأثرہ شخص کی شناخت سندر مالیکڈیا کی حیثیت سے کرلی گی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کی وجہ سے اس کا ہاتھ بھی زخمی ہوگیا ہے جس کے پیشِ نظر اس کو منگلور کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ ہاتھ کاٹنے والے شخص کی شناخت گوپال گوڑا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جس کے خلاف مقامی لوگوں نے آواز اٹھاتے ہوئے پولیس تھانے میں شکایت درج کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندر کئی سالوں سے سرکاری زمین میں رہتا ہے ۔ کل شام گوپال گوڑا نامی شخص سندر کے زمین میں داخل ہوا اور اس زمین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے مشین کی مدد سے گھاس کاٹنے لگا ۔ جب سندر نے اس کی مخالفت کی اور اس مشین کے ذریعہ گوپال نے سندر کی انگلیاں کاٹ دی جس کی وجہ سے سندر کی کا ہاتھ شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جارہا ہے کہ گوپال سندر کی آنکھوں میں مرچی کا پاؤڈر پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ واردات کی اطلاع پاتے ہوئے آس پڑوس کے لوگ جمع ہوگئے اور اس انسانیت سوز عمل پر گوپال کے خلاف پولیس تھانہ میں شکایت کردی ۔ درج شدہ معاملات کے مطابق پولیس پورے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ 


حادثاتی طورپر تالاب میں گرنے سے نوجوان ڈوب کر ہلا ک 

کنداپور 27؍ جولائی (فکروخبرنیوز) سترہ سالہ نوجوان کے حادثاتی طورپر تالاب میں گرنے سے نوجوان کے ڈوب کر ہلاک ہونے کی واردات ماوناکیری علاقے میں پیش آئی ہے۔ ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت راجیت دیواڑیگا (17) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گھر کے قریب پریشان کرنے والے مویشیوں کو بھگاتے ہوئے وہ تالاب کے قریب پہنچا ۔ کہا جارہا ہے کہ اس کا پیر پھسلنے سے وہ تالاب میں گرگیا اور تیراکی نہ جاننے کی وجہ سے اس میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ دوسری جانب جب مذکورہ نوجوان گھر نہیں لوٹا تو اس کے اہلِ خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی ۔ اہلِ خانہ کو خدشہ اس بات کا ہوگیا کہ وہ تالاب میں گرکر ہلاک ہوگیا ہو ۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ عملہ اور پولیس کو اطلاع کردی گئی ۔ مکمل تلاشی کے بعد راجیت کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ راجیت کنداپور جونےئر کالج کا طالب علم تھا۔ کنداپور پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔ 


سلسلہ وار ڈکیتی کی واردات انجام دینے والے گروہ کا پردہ فاش 

اب تک چار ملزمین گرفتار ، لاکھوں کا مال ضبط 

کنداپور 27؍ جولائی (فکروخبرنیوز) سلسلہ وار چوری کی واردات انجام دینے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے کنداپور پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈکیتی کی یہ وارداتیں کوٹیشو ر میں واقع موبائل دکان ، ہماڑی کے وگنیشورا کامپلیکس کے علاوہ ددیگر مقامات پر انجام دی گئی تھیں۔ پولیس نے ملزمین کے پاس سے لاکھوں روپئے کی مالیت کا سامان ضبط کرلیا ہے۔ جن میں ایک ایچھیر لاری ، بولیرو کار ، ایک پستول ،پانچ زندہ کارتوس ، کئی موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیاء شامل ہیں۔ واردات انجام دینے والا اہم ملزم سمیت تین ملزمین پولیس کی گرفت سے ابھی بھی دور ہے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے جال بچھادیا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت مانک چاند (38) سنیل (18) پرکاش (24) اور گری دھرلا(21) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ ان کا تعلق راجستھان سے تعلق رکھنے والی ڈکیتی کی وارداتیں انجام دینے والے ایک گروہ سے ہے جن کا ماسٹر مائینڈ ناتو رام کے علاوہ بڑا دنیش اور چھوٹا دنیش فرار ہیں۔ مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ اڈپی کے کئی علاقوں کے علاوہ آخری ماہ کارکلااور کنداپور کے علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتیں انجام دی ہیں۔ وارداتیں انجام دینے کے لیے مذکورہ افراد ایک بولیرو کار کا استعمال کیا کرتے تھے جس پر راجستھان کا ایک جعلی پلیٹ نمبر چسپاں کیا گیا تھا ۔ دن بھر اس بولیرو کار میں سوار ہوکر واردات کی انجام دہی کے لیے جگہوں کا انتخاب کیا کرتے تھے اور رات میں ڈکیتی کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق چوری شدہ سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے ایک ایچھیر لاری ان کے استعمال میں تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ ملزمین کو بڑی کوششوں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق ہیماڑی کے وگنیشورا کامپلیکس میں چوری کی وردات انجام دیتے وقت اس کا سی سی ٹی وی کیمرہ کا کنکشن کاٹ دیا تھا لیکن اس کے سامنے واقع امبا الیکٹرانک دکان میں موجود سی سی وی کیمرے میں لاری کی تصویریں ریکارڈ ہوئی تھیں ۔ پولیس نے اس فوٹیج پر تحقیقات کرتے ہوئے لاری کے سلسلہ میں ساری تفصیلات اکٹھا کرلی اور اس کی تلاش شروع کردی ۔ اسپیشل تحقیقاتی ٹیم کئی شہروں میں لاری کی تلاش جاری رکھی ہوئی تھی جس کو بالآخر بنگلور ۔ ہبلی ہائے وے کے ٹول ناکے پر ضبط کرلیاگیا ۔ پولیس نے اس پر سوار افراد سے تحقیقات کرتے ہوئے ملزمین تک رسائی حاصل کرلی اور ان کو گرفتار کرنے کے بعد کنداپور لایا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا ۔ 

Share this post

Loading...