بھٹکل 29؍ دسمبر 2018(فکروخبرنیوز) انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی سو سالہ تقریبات کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہے ، آج انجمن کے ایڈمسٹریٹیو بلاک میں صدسالہ تقریبات کی تفصیلات بیان کرنے کے لیے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ذمہ داروں نے سوسالہ تقریبات کے مقاصد بیان کرتے ہوئے پروگرام کی دعوت عوام تک پہنچانے کی اپیل بھی کی۔ انجمن کے جنرل سکریٹری جناب اسماعیل صدیق صاحب نے پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا آغاز تین جنوری سے ہونے جارہا ہے ، انجمن کی تعلیمی خدمات اجاگر کرنے کے لیے ایک جلوس انجمن آباد کے کیمپس سے نکلے گا جو شمس الدین سرکل اور اہم شاہراہ ، سلطانی اسٹریٹ ومین روڈ سے ہوتے ہوئے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول پر ختم ہوگا۔
5 جنوری کو صد سالہ تقریبات کی افتتاحی تقریب صبح ساڑھے نو بجے منعقد کی جائے گی جس میں ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ ان کے علاوہ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا کے روحِ رواں مولانا غلام احمد وستانوی مدظلہ العالی بھی شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ آر وی دیش پانڈے ، یوٹی قادر ، بی زیڈ ضمیر احمد خان ، مقامی ایم ایل اے سنیل بی نائک ،سرسی کے سابق ایم ایل اے وشویشور ہیگڈے کاگیری ، بھٹکل کے سابق ایم ایل اے منکال یس وائدیا بھی مدعو ہیں۔
پروگرام میں انجمن میں بیس سال سے اپنی خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی تہنیت کی جائے گی اور رینک ہولڈرس کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
آخری دن یعنی 6 جنوری کا دن خواتین کے لیے مختص ہوگا جس میں بطورِ مہمانِ خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی رکن فاطمہ مظفر بطورِ مہمانِ خصوصی کے شرکت کریں گی ، ان کے ساتھ ساتھ دیگر خواتین میں نسرین ظہیر او رڈاکٹر سویتا کامتھ میں بھی شرکت کریں گی۔
اجلاس میں کنوینر صد سالہ تقریبات مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور صدر انجمن جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب نے انجمن کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
Share this post
