جلوس میں عہدیداران ، اراکین ، اساتذہ ، طلباء اور عوام نے بڑی تعداد میں کی شرکت ، تمام کاروباری ادارے رہے بند
بھٹکل 03؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز) انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی صد سالہ تقریبات کا آغاز شاندار جلوس کے ساتھ ہوا۔ یہ جلوس انجمن آباد سے نکل کر سیدھے نور مسجد کے قریب اہم شاہراہ پہنچا جہاں سے شمس الدین سرکل ،سلطانی محلہ ، محمد علی روڈ ، مین روڈ سے ہوتے ہوئے انجمن گراؤنڈ پر اپنے اختتام کو پہنچا۔ جلوس میں انجمن کے عہدیداران ، اراکین ، اساتذہ ، دیگر عملہ ، طلباء اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔ خصوصاً انجمن کے ابناء قدیم نے اس کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی پورا تعاون پیش کیا۔ ریلی کے پہلے ایک بلیٹ تھی جس کے بعد این سی سی اسکواڈ ، نیول ونگ ،بی بی اے ، ایم بی اے ، اے آئی ٹی ایم ، وغیرہ کے طلباء موجود تھے۔ انجمن کے صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو ، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق صاحب جیپ پر سوار تھے۔اس کے بعد انجمن کے اراکینِ انتظامیہ انجمن کی کار اور اپنے نجی کاروں پر سوار تھے۔ پھر اس کے بعد نہ تھمنے والے طلباء کی تعداد کا ایک سلسلہ تھا۔ جب جلوس سلطانی محلہ کو جانے والے راستہ پر پہنچا تو وہاں پہلے سے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول اور پرائمری اسکول کے طلباء قطار باندھے کھڑے تھے جنہوں نے جلوس کا شاندار استقبال کرتے ہوئے جلوس میں خود بھی شامل ہوگئے اور اس کے بعد جلوس کامنظر ہی بدل گیا اور منتہائے نظر تک صرف انجمن کے حامیوں کا ایک سمندر تھا۔ شہر کے پرانے علاقوں میں جلوس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں کے دونوں کنارے کھڑے تھے اور ایک تاریخی جلوس کا استقبال کررہے تھے۔ محمد علی روڈ پر لوگوں نے اپنے فرطِ محبت سے جلوس میں شریک طلباء ، اساتذہ ، عمائدین اور دیگر لوگوں نے کے لیے ٹھنڈا مشروب بھی پیش کیا۔ دیگر احباب نے بھی درمیان درمیان میں پانی کے بوتل بھی پیش کیے۔ سب سے بڑی بات رہی کہ جلوس کے پیشِ نظر شہر کے تمام مسلم دکانداروں نے انجمن سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنے تمام کاروباری ادارے بند رکھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن کے صدر جناب عبدالرحیم صاحب جوکاکو نے اس جلوس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انجمن سے اپنے محبت کا ثبوت پیش کرنے والوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ صد سالہ تقریبات انجمن کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق صاحب نے صد سالہ تقریبات کی مختصراً تفصیلات پیش کیں وہیں کنوینر جناب عبدالرقیب ایم جے صاحب نے بھی جلوس میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔اپنی عمر کا ایک طویل مرحلہ انجمن کی خدمات کے لیے وقف کردینے والے جناب ڈی ایچ حسن شبر نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے ہمیشہ اتحاد واتفاق کے ساتھ رہنے کی نصیحت کی اور کہا کہ آج یہ جلوس ہمارے اتحاد کا ایک مظہر ہے ، اسی طرح ہم زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کریں۔ جلوس کے کنونیر جناب جان عبدالرحمن صاحب نے جلوس میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے محکمۂ پولیس ، میڈیا اور دیگر احباب کا بھی خصوصی طور پر تذکرہ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
Share this post
