19/ جنوری کو امت شاہ کا منگلورو دورہ متوقع ،  کانگریس نے کی مخالفت، کہا: امت شاہ کو اجازت نہ دی جائے

منگلورو 07/ جنوری 2020(فکروخبر نیوز) سی اے اے کی حمایت میں 19جنوری کو منعقدہ سمرتھنا سماویشا پروگرام میں وزیر داخلہ امت شاہ کی شرکت متوقع بتائی جارہی ہے جس کو لے کر کانگریس نے اپنا اعتراض جتایا ہے۔ کانگریسی لیڈر اور ایم ایل سی آوین ڈیسوزا نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کو منگلورو آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ 19دسمبر کو ہوئے پرتشدد مظاہرے کے بعد شہر میں امن وامان بحال ہوگیا ہے، ایسے ہی امت شاہ منگلورو آئیں گے تو امن وامان میں خلل واقع ہونے کے امکانات کا بھی انہو ں نے اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امت شاہ اس کے باوجود یہاں پہنچیں گے تو کانگریس کارکنان کی جانب سے گو بیک امت شاہ کے عنوان سے احتجاج بھی کیا جائے گا۔ 
    انہو ں نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ امت شاہ کے منگلوو آنے کے بجائے ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری اور ایم ایل اے وداؤ یاسا پولیس فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں۔ انہو ں نے سی اے اے اور این آر سی پر دئیے گئے پی ایم مودی اور امت شاہ کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو الجھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس قانون میں مسلمانوں کو کیوں شامل نہیں کیا ہے۔ اس کے ذریعہ سے وہ ہندو اور مسلمانوں کے درمیان تفریق کی دیوار کھڑی کرنا چاہ رہے ہیں۔ 

Share this post

Loading...