بھٹکل 10؍ جون 2023 (فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول میں طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ صحیح اوراسلامی خطوط پر بہترین تربیت کے لیے ہاسٹل کا آغاز قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی کے دستِ مبارک سے ہوا۔
علی پبلک اسکول کے قیام کو تیرہ سال مکمل ہوچکے ہیں اور اب یہاں ایس ایس ایل سی تک لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کلاسس کا نظم ہے۔ اب تک اسکول سے چار بیجس فارغ ہوچکے ہیں۔ اب لڑکوں کے لیے ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد ان کی اسلامی خطوط پر تربیت کرنا ہے۔
اس موقع پرمہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل ونائب صدرمولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ سابق معتمد تعلیمات ندوۃ العلماء لکھنو حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کا دیرینہ خواب تھا کہ تعلیم کے ساتھ جب تک صحیح تربیت نہیں ہوگی اس وقت تک تعلیم اپنا اثر نہیں دکھاتی ہے اور بچوں کی تربیت کے لیے ان کو ایک علیحدہ ایسا ماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے جہاں طلبہ اپنی ضروریات کی تکمیل اورمکمل نظام کے ساتھ علماء کی نگرانی میں اپنا وقت گذارسکیں اور آج حضرت کا یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے۔ مولانا نے تعلیم کے ساتھ تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصل میں طلبہ کو اس نظام سے جوڑنے کا مقصد ایمانی خطوط پر تربیت ہے اور اس کے لیے ہمیشہ اس بات کا اظہار کیا جاتا ہے کہ تعلیم بہانہ ہے اور ایمان نشانہ ہے۔
اسکول کے ٹیچر مولانا سید احمد ایاد ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ، اس دوران انہوں نے بتایا کہ ہاسٹل میں فی الوقت کرناٹک کے کسی بھی علاقہ سے تعلق رکھنے والے لڑکوں کے لیے نظم کیا گیا ہے اور ان شاء اللہ اس کو مستقبل میں مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پروگرام کا آغاز حسن شبیب کی تلاوت سے ہوا اور نعت انس ہلارے نے اپنے مترنم آواز میں پیش کی۔
ہاسٹل میں قیام پذیر ہر طالب علم کے لیے الگ چارپائی اور ایک الماری کا بھی نظم ہے اور کوشش اس بات کی گئی ہے کہ ان کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جائے۔
اسکول کی جانب سے ان طلبہ کے درمیان خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
Share this post
