بھٹکل: 23؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل کے مشہورتعلیمی ادارے علی پبلک اسکول میں ادارہ کی سو سے زائد شاخوں کے درمیان باہمی رابطہ کو مستحکم کرنے کے لیے ایک مرکزی دفتر کا افتتاح مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی کی دعا کے ساتھ عمل میں آیا۔
اس موقع پر منعقدہ نشست میں اسکول کے بانی و جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی بھٹکلی نے مرکزی دفتر کے قیام کی غرض وغایت بتاتے ہوئے کہا کہ علی پبلک اسکول بھٹکل کی شاخوں کی تعداد ایک سو سے تجاوز کرگئی ہے اور طلبہ کی تعداد تیس ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ ان شاخوں سے رابطہ رکھنے اور تعلیمی اور تربیتی رہنمائی کے لیے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اس دفتر کا افتتاح عمل میں لایا جارہا ہے۔ مولانا نے اس موقع پر اپنے محسنین کا بھی تذکرہ کیا اور ادارہ کی ترقی میں ان کی کوششوں پر بھی مختصراً روشنی ڈالی۔
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی اور فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے فارغینِ جامعہ کی تعلیمی اور تربیتی میدان میں انجام دی جارہی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
پروگرام میں ادارہ کے متعلقین سمیت اساتذہ و دیگر افراد موجود تھے۔
Share this post
