بھٹکل 03؍ جنوری 2022(فکروخبرنیوز) بچوں کو بچپین ہی سے نماز کی پابندی کی مشق کرائی جائے تو بڑے ہونےکے بعد اس کی ایسی پابندی کرتے ہیں کہ پھر ان کی کوئی نماز نہیں چھوٹتی ۔ اسی طرح کسی مسجد میں نمازیوں میں بچے بھی شامل ہو تو پھر سمجھ لیجئے کہ آگے جاکر مسجد کو آباد کرنے والے ابھی سے اس کی تیاری کررہے ہیں ۔ ایسے بچوں کو انعامات دے کر ان کی ہمت بڑھانے سے دوسرے بچوں کو بھی آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔
آج علی پبلک اسکول میں ایک ماہ تک فرض نمازوں کے ساتھ سنتوں کی پابندی کرنے والے بچوں کے درمیان قرعہ اندازی کی گئی اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ فکروخبر کے مطابق اس فہرست میں تیرہ بچوں کے نام تھے جن میں سے ایک کا انتخاب قرعہ اندازی سے کرتے ہوئے طالب علم محمد ایان کوسائیکل دی گئی اور دیگر بچوں کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی نے کہا کہ بچوں کی ہمت افزائی کے لیے ہم نے یہ انعامات تقسیم کیے ہیں، اصل انعامات سے انہیں آخرت میں نوازا جائے گا جہاں کا اعزاز ہی اصل اعزاز ہے اور جہاں کا اکرام اور انعام ہی حقیقت میں اکرام اور انعام ہے۔ انہوں نے ان باتوں کی طرف اشارہ دیتے ہوئے فکروخبر سے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی نہج پر بچوں کی تربیت بہت ضروری ہے۔ اور جب تک دینی خطوط پر ان کی تربیت نہیں ہوگی تعلیم انہیں کوئی فائدہ نہیں دیتی۔
اس پروگرام میں آئندہ بھی اس طرح کے مسابقات منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔
Share this post
