بھٹکل: (17/اکتوبر/2022 فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول بھٹکل کے ساتویں ، آٹھویں ، نویں اور دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم 15 طلباء اور 4 اساتذہ پر مشتمل وفد نے پی اے انعام دار یونیورسٹی پونے میں چار روزہ ورک شاپ میں شرکت کی۔ یہ ورک شاپ 12 ، 13 ، 14 اور 15 اکتوبر اعظم کیمپس میں منعقد کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پی اے انعام دار یونیورسٹی میں 4 روز ورک شاپ منعقد ہوا جس میں کمپیوٹر ہارڈوئیر ، موبائیل رپیرنگ ،روبوٹک سائنس اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اسپوکن انگلش جیسے عنوانات پر طلباء کو ٹریننگ دی گئی ،جہاں اے پی ایس اسکول کے طلباء نے شرکت کرتے ہوئے ان سائینسی آلات کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کی۔ اس ورک شاپ کے انعقاد کا مقصد بچوں کی ذہنی نشو نما کو بڑھاتے ہوئے ان کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔
بتادیں کے 4 روزہ منعقد ہونے والے اس ورک شاپ میں طلباء نے ان کورسس کے بارے میں بنیادی بنیادی معلومات حاصل کی ،جس کے بعد ورک شاپ کے اختتام پر انھیں یونیورسٹی کے بانی اور چانسلر پی اے انعام دار صاحب کے ہاتھوں ورک شاپ میں شمولیت کی سرٹیفکٹ سے نوازا گیا۔
ورک شاپ میں شرکت کرنے والے اساتذہ نے فکروخبر کو بتایا کہ آئندہ بھی ملک کے مختلف یونیورسٹیوں میں منعقد ہونے والے ورک شاپ میں ہمارے طلبہ کو شرکت کا موقع فراہم کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
Share this post
