بھٹکل 15؍ فروری 2022(فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول بھٹکل میں امسال منعقدہ الوداعی نشست میں محمد ابن ارشاد ظہیرالدین اور فواد ابن محمد غوث ائیکری کے حفظِ قرآن کی تکمیل سابق صدر شعبہ حفظ جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب حافظ کبیر الدین صاحب نے کرائی۔ اس موقع پر دونوں طلبہ نے تلاوتِ کلام پاک کا مظاہرہ کیا۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے ختمِ قرآن کے موقع پر دعا فرمائی۔ ان دونوں طلبہ نے اپنے استاد مولوی عمر صیام ندوی کے پاس حفظِّ قرآن کیا۔ جناب حافظ کبیر الدین صاحب نے ان بچوں کی خدمت میں اپنی جانب سے خصوصی انعام پیش کیا، اسی طرح طلبہ اور ان کے استاد کو بھی اسکول کی جانب سے خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اسکول کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ ہمارے پاس اب بچوں اور بچیوں دونوں جگہ حفظِ قرآن کریم کا کے کلاسس کا نظم ہے۔ فی الحال ہمارے پاس 13 استاد اور معلمات ہیں اورآئندہ سال ایک منظم نظام کے تحت اس میں اضافہ کرنے کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ مولانا نے کہا کہ حفظِ قرآن میں داخلہ لینے والوں کے لیے ہم نے خصوصی رعایت کی ہے۔ ان کے لیے صرف بنیادی چھ مضامین ہیں ، اس کے علاوہ دیگر مضامین کو حذف کرکے ان کا یہ وقت حفظِ قرآن کے لیے فارغ کیا جارہا ہے۔ ماشاء اللہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ آئندہ سال سے ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ بچے حفظ میں داخل ہوسکیں، الحمدللہ حفظ میں داخلہ لینے والے بچوں کی پڑھائی متأثر نہیں ہوئی ہے جس کا اعتراف ان کے والدین نے کیا ہے بلکہ والدین اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ حفظ میں داخلہ کے بعد پڑھائی کی طرف بچوں کا رجحان بڑھا ہے اورالحمدللہ اس میدان میں وہ ترقی کررہے ہیں
Share this post
