بھٹکل21؍ مارچ 2021(فکروخبرنیوز) علی پبلک اسکول بھٹکل (اے پی ایس ) کا الوداعی جلسہ بروز جمعرات صبح دس بجے اسکول ہی کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں امسال ایس ایس ایل سی سے فارغ ہونے والے42 طلباء نے اپنے تأثرات پیش کیے اور اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ اسکول کے قیام کے بعد یہ دوسرا ایس ایس ایل سی کا بیج ہے جو امسال فراغت حاصل کررہا ہے۔ طلباء نے اپنے تأثرات میں اسکول کی تعلیم کے دوران اساتذہ کی کوششوں کا تذکرہ کیا اور ان کی طرف سے دی گئی تربیت کے مطابق زندگی گذارنے کا عزم بھی کیا ۔ مختلف طلباء نے اپنے تأثرات میں اس بات کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ شریعت کے تابع رہتے ہوئے وہ اپنی اگلی تعلیم مکمل کریں گے اور اس کے بعد اگلی زندگی میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو ملحوظ رکھیں گے۔
الوداعی جلسہ کی مناسبت سے مولانا سید ہاشم نظام ندوی صاحب کی طرف سے ارسال کردہ پند و نصائح طلباء کے سامنے پیش کیے گئے اور ان کی ایک ایک کاپی بھی انہیں دی گئی ۔
اس کے بعد جلسہ کی ایک کڑی تہنیتی نشست کی تھی جس میں دو ڈرائیور نوراللہ اور امین کی تہنیت کی گئی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نور اللہ ڈرائیور نے اپنے سات سالہ خدمات کے دوران ایک دن بھی چھٹی نہیں لی۔ اور امین کے سلسلہ میں بتایا گیا کہ وہ جملہ ٹیمپو کی نگرانی اور اس کی جملہ ضروریات کی دیکھ بھال کرنے پر انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ آفس انچار ج جناب عمران اکرمی کو ان کی انتھک کوششوں اور خدمات کے پیشِ نظر تہنیت پیش کی گئی ۔ بوائز شعبہ کے ذمہ دار جناب مولوی احمد بائدہ صاحب کی بھی تہنیت کی گئی ۔ سیدھی بات کے ایڈیٹر جناب انصار عزیز ندوی کو ان کی صحافتی خدمات کے پیشِ نظر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اسٹیج پر موجود مہمانان نے طلباء اور ان کے سرپرستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم محنت اور لگن کے ساتھ حاصل کرنے کی نصیحت کی ۔
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور نائب صدر علی پبلک اسکول مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی نے کہا کہ آپ اب اپنی تعلیم کے بعد دنیا کے جس کونے میں جائیں لیکن یہاں پڑھایا گیا سبق آپ کو نہیں بھولنا ہے اور جس ماحول میں آپ کی تربیت ہوئی ہے اس شناخت کو باقی رکھنا ہے۔
اسکول کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے اسکول کے شروعاتی دنوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کی ہر طرح سے ترقی پر اللہ کا شکر بجالایا اور اس سلسلہ میں اساتذہ کی خدمات کی سراہنا کی ۔ مولانا نے محسنین میں حضرت مولانا عبدالباری صاحب ندوی رحمۃ اللہ علیہ اور جناب سعید صاحب دامودی کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات کو بہترین خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایڈیشنل جنرل سکریٹری انجمن حامئی مسلمین بھٹکل جناب اسحاق شاہ بندری نے اعلیٰ تعلیم انجمن میں حاصل کرنے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ انجمن آپ ہی کا ادارہ ہے اور یہاں تعلیم حاصل کرنے پر آپ کی تعلیم بھی مکمل ہوگی اور تربیتی انداز سے بھی آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔
ان کے ساتھ ساتھ مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب ، جناب جان عبدالرحمن صاحب اور عتیق الرحمن صاحب منیری نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا محمد الیاس صاحب ندوی کی خدمات کو سلام پیش کیا اور بچوں کو اپنی قیمتی نصیحتیں بھی کیں۔
اس موقع پر مولانا انیس مدنی ، مولانا شعیب ندوی ، میونسپل کونسل کے صدر جناب پرویز قاسمجی ، جناب میراں صاحب ، مولانا عبدالباری دامدا اور دیگر موجود تھے۔
Share this post
