بھٹکل 08/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) الفلاح یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے آج خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 102 افراد نے خون عطیہ کیا۔ یہ کیمپ ریڈ کراس تنظیم کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا ، جس کے لئے مذکورہ تنظیم کے دس افراد پر مشتمل عملہ نے شرکت کی ، اس موقع پر منعقدہ افتتاحی نشست میں الفلاح کے سرپرست اور مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کہا کہ اسلام ایسا مذہب ہے جہاں ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور مدد کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔خون ایک ایسی چیز ہے کہ دنیا ترقی کرنے کے باوجود بھی اس کا متبادل پیش نہیں کرسکی ہیں۔ آج ماحول کی خرابی اور غذا میں ملاوٹ کی وجہ سے نت نئی بیماریاں عام ہورہی ہیں۔ مشاہدہ میں یہ بات آئی ہے کہ انسان کو کبھی بھی خون کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ انہیں ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج یہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
سرکاری اسپتال میں اپنی خدمات انجام دے رہی ڈاکٹر سویتا کامتھ نے خون عطیہ کرنے کے فوائد پر مختصراً روشنی ڈالی۔ اسی کے ساتھ ساتھ اسٹیج پر موجود ایک اور مہمان نے کہا کہ نوائط قوم ایک ایسی قوم ہے جس میں اس طرح خدمت کا جذبہ ہے جو بہت ہی کم قوموں میں پایا جاتا ہے۔ میں یہاں کئی سالوں سے مقیم ہوں اور مجھے انہیں قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ جب میں نے دبئی کا سفر کیا تو وہاں بھی ان لوگوں سے ملاقات ہوئی اور وہاں بھی لوگوں کے کام آنے کا جذبہ میں نے دیکھا انہو ں نے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جو انہیں اس طرح کے کام کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ آخر میں کنوینر یونس رکن الدین نے شکریہ ادا کیا۔
Share this post
