عربی زبان کے حصول کے سلسلہ میں پیش آنے والی دشواریوں اور ان کے حل کے عنوان پرمرڈیشور میں پروگرام کا انعقاد

بھٹکل 04؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) عربی زبان کے حصول کے سلسلہ میں پیش آنے والی دشواریوں اور ان کے حل کے عنوان پر تنظیم فضلائے ازہر (ہند ) اور المعہد الاسلامی العربی کے اشتراک سے ایک پروگرام الاسلام اکیڈمی مرڈیشور میں منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر مولانا محمد شرف عالم قاسمی ، مولانا شکیل احمد سکری ندوی اور مولانا عبداللہ شریح کوبٹے ندوی نے عربی زبان کی اہمیت اور اس کے حصول پر زور دیتے ہوئے اس کی خاصیتیں بھی بیان کیں ۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہم قرآن وحدیث کے سمجھنے کی نیت سے ہی سہی عربی زبان سیکھیں ، عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ ہم روزانہ عربی زبان کے بہت سے جملے اپنی زبان سے ادا کرتے ہیں لیکن کبھی اس کے معانی پرغور وخوض کرنے کے لیے اس زبان کو سیکھنے کے تعلق سے فکر نہیں کرتے ۔ مقررین نے یہ بھی کہا کہ نئی نسل کے سامنے اس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہیں اس کے سیکھنے پر ابھاریں ، مزید کہا کہ ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ عربی زبان ہماری دینی ضرورت ہے لہذا اس کو ضرورت سمجھ کر ہی سہی ہم سیکھیں اور اس میں مہارت پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ 
پروگرام میں مولانا مبین صاحب ندوی اور مولوی سلمان خان ندوی نے اپنے قیمتی مقالات پیش کیے۔ مولانا ارشاد ندوی اور مولانا اسامہ ندوی نے پروگرام کے تعلق سے موصولہ تأثرات حاضرین کے سامنے پیش کیے۔ جلسہ کی صدارت کررہے پروفیسرانجمن ڈگری کالج اور سابق استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا جعفر ندوی نے عربی زبان کی ضرورت اور موجودہ دور میں عربی زبان کے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغاز خالد متعلم مدرسہ تنویر الاسلام کی تلاوت سے ہوا اور عاعم ابن مولانا ثناء اللہ گنگاولی نے نعت پیش کی۔ ادارہ کے ناظم ومدیر مجلہ النصیحۃ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مولانا صغیر احمد قاسمی ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Share this post

Loading...