مدرسہ تعلیم القرآن اگرکون میں توحید اور رسالت کے عنوان پر مسابقہ تقاریر کا انعقاد
انکولہ 25؍ فروری 2019(فکروخبر نیوز) مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن اگرکون تعلقہ انکولہ کی جانب سے قومِ ناخدا سطح کے مدارس اور مکاتب کے درمیان توحید و رسالت کے عنوان پر تقاریر مسابقہ کاانعقاد کیا گیا جس میں توحید گروپ میں نو اور رسالت گروپ میں نو مساہمین نے شرکت کی۔ مسابقہ میں بچوں نے اپنے اپنے انداز میں مذکورہ دونوں عنوانات پر تقریریں پیش کی۔ اس موقع اسٹیج پر موجود بطورِ مہمانِ خصوصی بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے بیان میں عقیدے کو مضبوط کرنے اور شرک سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات پر بھی روشنی ڈالی ، مولانا نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ ایسی خبریں سننے میں آرہی ہیں جس سے جسم کے رونگٹے کھڑے ہورہے ہیں۔ دیندار سمجھے جانے والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والی بچیاں اب دوسرے مذاہب کو اختیار کرنے میں عار نہیں سمجھ رہی ہیں۔ یہ سب ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہورہا ہے کہ ہم نے ان کی دینی خطوط پر تربیت نہیں کی اور انہیں دین سے آشنا کرانے کے لیے کوششیں نہیں کیں ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے ناپسندیدہ عمل شرک ہے اور ہمارے کسی عمل میں شرک کا شائبہ بھی ہوگیا تو اس پر ثواب ملنے کے بجائے گناہ ملے گا اور اللہ تعالیٰ شرک کو کبھی معاف نہیں فرمائے گا مولانا نے اپنے پورے بیان میں شرک کے شائبہ سے بھی بچنے کی تاکید کرتے ہوئے توحید خالص کی پیروی کرنے اور اپنے بچوں کی دینی خطوط پر تربیت کرنے کی نصیحت کی ۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ کی اتباع کرنے پر زور دیتے ہوئے ہر کام سنت کے مطابق کرنے کی تاکید کی ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی محبت اسی وقت مکمل ہوسکتی ہے جب ہم اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کریں اور ان کے بتائے ہوئے طریقے پر زندگی گذاریں۔ مولانا نے مکاتب کے نظام میں آرہی کمزوری کو ہماری اپنی کوتاہی قرار دیتے ہوئے اس طرف توجہ دلانے پر زور دیا۔
جلسہ کی صدارت کررہے مولانا منت اللہ صاحب قاسمی نے دین کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رہنے کی نصیحت کی۔
اس پروگرام میں مشہور نعت خواں مولانا عرفات کٹنگری صاحب نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت بھی پیش کی جس سے سامعین بہت محظوظ ہوئے۔ مہمانوں کا تعارف اور استقبالیہ کلمات مولانا سہیل انکولوی ندوی نے پیش کیے او رنظامت کے فرائض مولانا عبدالخالق انیس ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
مسابقہ کے نتائج کچھ اس طرح رہے
مسابقہ تقریر بعنوان توحید
اول : محمد منتصر ابن ابو احمد فراش مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈ ی ، بھٹکل
دوم : وجدان ابن عبدالعظیم منیگار جامع مسجد ہینی کاگل ، کمٹہ
دوم : شہید حسن معلم مدرسہ دار القبا گڈکاگل ، کمٹہ
سوم : محمد ریحان ابن الیاس کوتوال شبینہ مکتب آزاد نگر اگرکون
مسابقہ تقریر بعنوان رسالت
اول : محمد شہباز ابن جمال الدین مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈ ی ، بھٹکل
اول : افضل عبداللہ داؤڑیکر مدرسہ دار القرآن ونلی ، کمٹہ
دوم : عبدالمتین ابن عبداللطیف ڈانگی ، شبینہ مکتب آزاد نگر تعلقہ انکولہ
سوم : محمد عادل ابن عبداللہ شیخ مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن اگرکون
Share this post
