افضل عثمانی کو اغواء کرکے سرکاری گواہ کے طو رپر پیش کرنے کی کوشش کی تھی پولس (مزید اہم ترین خبریں)

اس ٹرانسفر اپلیکیشن پر چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ ((C.M.Mکی عدالت نے ملزم کی سماعت نہ کرتے ہوئے صرف شیوڑی کورٹ کے منصف کو Confidential رپورٹ کی بنیاد پر خارج کرتے ہوئے مقدمہ اسی عدالت میں اسی منصف کے سامنے چلانے کا حکم دیا ۔اس معاملے میں اس وقت نیا موڑ آیا جب افضل عثمانی کی در خواست پر فوری کار وائی کرتے ہوئے ممبئی ہائی کو رٹ کے جسٹسTHIPSY صاحب نے شیوڑی کورٹ کے منصف کی وہ رپورٹ طلب کی ہے جس پر C.M.M.کورٹ نے ٹرانسفر اپلیکیشن مسترد کر دی تھی ،اس رپورٹ میں ایک نا قابل قبول گمراہ کرنے والا اور جھوٹا بیان تھا کہ ممبئی ہائی کورٹ سے ملزم افضل عثمانی کی ٹرانسفر پٹیشن پہلے ہی سے منسوخ کی جا چکی ہے ،جب کہ حقیقتا ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ۔ اس کار وائی کے دوران ممبئی ہائی کورٹ نے متعلقہ جج کو پھٹکار لگاتے ہوئے مستقبل میں اس حرکت سے باز آنے کی تنبیہ کی ۔ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے لیگل سیل کے دفاعی وکیل سینر کریمنل ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان نے ممبئی ہائی کورٹ کی کاروائی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورٹ کے اس اقدام سے نچلی عدالتوں میں ہونے والی غیر منصفانہ کار وائیوں پر کچھ حد تک روک لگے گی ،انہوں نے یہ بھی وا ضح کیا کہ ایسی حرکتیں ہر روز ہوتی ہیں فرق اتنا ہے کہ اسکی نوعیت الگ ہوتی ہے ،مولانا ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے کہا کہ اے ۔ٹی۔ ایس کی سازشیں مسلم نو جوانوں کے تعلق سے دن بدن بے نقاب ہو رہی ہیں ۔ہمارے وکلاء کی کامیاب کاوشوں اور ایماندارانہ جد و جہد کی وجہ سے پولیس اور عدالت کے رویے میں فرق پڑ رہا ہے۔ جس سے ہمیں بے قصوروں کی رہائی کے آثار پیدا ہو رہے ہیں ۔ 


دہلی کے وزیر اور رکن اسمبلی کو استقبالیہ

ملی کونسل کے ذریعہ 28نکاتی مطالبات چارٹر پیش کیا گیا

نئی دہلی۔ 6مئی(فکروخبر/ذرائع)’’عام آدمی پارٹی نے انتخابی منشور میں جو وعدے کیے ہیں انھیں وہ پورا کرے گی اور درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے آپ لوگوں سے بھرپور استفادہ کرے گی۔ جہاں تک اسکول کھولنے کے لیے زمین کا معاملہ ہے تو دہلی حکومت کے پاس زمین نہیں ہے، جو زمین ہے وہ ڈی ڈی اے کی ہے جو کہ مرکزی حکومت کے ماتحت ہے۔ اس لحاط سے ہم مرکزی حکومت کے محتاج ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار آج یہاں آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے وزیر خوراکِ ورسد عاصم احمد خاں اور رکن اسمبلی عمران حسین کے اعزاز میں انسٹی ٹیوٹ آف آبجکیٹیو اسٹڈیز (آئی او ایس)کے کانفرنس ہال میں منعقد استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت کا بجٹ علاقائی لوگوں کے مشورے سے تیار کیا جارہاہے۔ آپ لوگ بھی اپنے مقامی ایم ایل اے سے مل کر علاقے کی ترقی کا بلیو پرنٹ تیار کریں۔قبل ازیں رکن اسمبلی عمران حسین نے کہا کہ عام آدمی پارٹی عوامی مسائل کے تئیں پوری طرح بیدار ہے اور اس نے آتے ہی بجلی کے دام آدھے کیے اور پانی بیس ہزار لیٹر فری کیا ہے۔ انھوں نے ملی کونسل کو یقین دہانی کرائی کہ جو مسائل ہیں، وہ انھیں پوری طاقت سے ایوان میں اٹھائیں گے۔آل انڈیا ملی کونسل جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جمہوریت کے مزاج کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ کس نے ووٹ دیا اور کس نے ووٹ نہیں دیا، حکومت سب کی ہوتی ہے اور سب کے لیے ہوتی ہے ورنہ بی جے پی اور ’’آپ‘‘ میں کیا فرق رہے گا اور یہ پیغام پارٹی کے اندر جانا چاہیے کہ حکومت کچھ خاص لوگوں کے لیے نہیں بلکہ سب کے لیے ہے۔ اس موقع پر انھوں نے ملی کونسل کی کوششوں کا ذکرتے ہوئے کہا کہ ٹاڈا کے خلاف سب سے پہلے اس نے جس مؤثر انداز میں آواز اٹھائی کہ جب ایک سال بعد جب ٹاڈا ختم ہوا تو 76ہزار مسلمان رہا ہوئے اور 3ہزار جن پر چارج شیٹ تھی وہ آج بھی پریشان ہیں۔ اس کے علاوہ پوٹا جیسے ظالمانہ اور غیر منصفانہ قانون کے خلاف بھی مہم شروع کی جس کے بہتر تنائج سامنے آئے۔ انھوں نے وزیر موصوف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت آج دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا جو مطالبہ کررہی ہے اس کی ابتدا اسی آئی او ایس نے کی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے۔ انھوں نے مسلمانو ں کی صورتحال کو لے کر وزیر اعلیٰ دہلی اروند کجریوال سے ایک ڈیلی گیشن کی ملاقات کی خواہش کا اظہا رکیا۔ 
آل انڈیا ملی کونسل صوبہ دہلی کے صدرڈاکٹر پرویز میاں نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ دہلی میں جو دوہرا رویہ اپنایا جارہاہے۔ وہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے اور دہلی حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ آل انڈیا ملی کونسل کے خازن و آفس انچارج مشرف حسین نے ایک 28نکاتی مطالبات کا چارٹر پیش کیا جس میں اردو اساتذہ کی تقرری، اسکول کا قیام، اسکالر شپ ، مدرسوں میں کمپیوٹر کی فراہمی، او بی سی سر ٹیفکیٹ جاری ہونے میں دشواری کو دورکرنے، اور سہ لسانی فارمولہ کے تحت داخلہ فارم میں اردو کے کالم کو بحال کرنے کے مطالبے کے ساتھ دیگر اہم ایشوز پر توجہ مبذول کرائی گئی ۔
مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے وسیم احمد، محمد عالم، ابراہیم عالم، پروین صاحبہ، حنا فاطمہ، شکیل الرحمن بگھونوی نے گلدستہ پیش کیا۔خالد حسین ندوی نے آئی او ایس کے ذریعہ دہلی کے مسلم علاقوں پر مبنی سروے رپورٹ کا مختصراً تعارف کرایا اور مہمانوں کو رپورٹ بھی پیش کی۔آل انڈیا ملی کونسل کا تعارف سید محسن علی کرمانی نے پیش کیا۔ نظامت واظہار تشکر مرزا ذکی احمد بیگ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل صوبہ دہلی نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز حافظ نظیر الحسن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
دیگر اہم شرکاء میں محمد عطاء الرحمن ، اقبال حسین ،قمر اسحق ، ڈاکٹربسمل عارفی ، اے یو آصف، مزمل حسین، رئیس الدین سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل صوبہ دہلی، مولانا شاہد اویس سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل صوبہ دہلی اور انور حسین، ڈاکٹر نکہت حسین ندوی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔


آگ کی وارداتوں کے دوران 2رہائشی مکان دکان خاکستر 

ٹریفک حادثات کے دوران پانچ افراد مضروب 

سرینگر۔06مئی(فکروخبر/ذرائع )آگ کی دو الگ الگ وارداتوں کے دوران دو رہائشی مکان ایک دکان خاکستر جبکہ ایک شخص آگ کے دوران جھلس جانے کے باعث زخمی ہوا۔ ٹریفک حادثات کے دوران پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔نمائندے کے مطابق شاہ پور کوکر ناگ کے علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب غلام حسن ٹھوکر ، محمد امین ٹھوکر پسران شیر محمد کے مشترکہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بشیر احمد ولد غلام حسن کے رہائشی مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ادھر کاکہ پورہ پلوامہ میں گلزار احمد ڈار ولد عبدالخالق ساکنہ نروال کاکہ پورہ کا رہائشی مکان بھی خاکستر ہوا جبکہ فیاض احمد نامی شخص کا دکان بھی آگ لگنے کے باعث خاکستر ہوا۔ خبر کے مطابق گلزار احمد ڈار آگ بجھانے کے دوران جھلس گیا جسے علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال میں بھرتی کیا گیا۔ ادھر ہندواڑہ میں ایک تیز رفتار ٹاٹا میجک زیر نمبر Jk09A-2461نے راہ چلتی عاصفہ دختر نظیر احمد گنائی کو ٹکر ماری جسے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی مذکورہ دوشیزہ کو علاج ومعالجہ کیلئے ہندواڑہ ضلع اسپتال میں بھرتی کیا گیا ۔ ادھر درگمولہ کپواڑہ میں ماروتی کار زیر نمبر Jk09-2511ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی جس کی وجہ سے ماروتی کار میں سوار چار مسافر زخمی ہو گئے جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال پہنچایا گیا جہاں کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہیں۔ 


نقلی ڈالر پھیلانے کے نیٹ ورک کو پولیس نے ہوٹل سے گرفتار کرکے بے نقاب کردیا 

سرینگر۔06مئی(فکروخبر/ذرائع )کرنگر پولیس نے جعلی کرنسی پھیلانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے تین افراد کی گرفتاریاں عمل میں لا کر ان کے قبضے سے جعلی امریکی ڈالر اور پاکستانی کرنسی برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ تحقیقات باریک بینی سے جاری ہے اور مزید نصف درجن افراد کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے۔نمائندے کے مطابق شہر سرینگر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے مغل دربار میں قائم کئے گئے ہوٹل میں جعلی کرنسی کا نیٹ ورک چلانے والے اپنے منصوبوں کو آخری شکل دے رہے تھے کہ اس دوران کرنگر پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی کہ ہوٹل میں نقلی ڈالر اور پاکستانی کرنسی پھیلانے والے اپنی سرگرمیاں انجام دینے کے بارے میں منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پولیس نے حرکت میں آکر مغل دربار پر چھاپہ ڈالا اور محمد یوسف لون ، منظور احمد لون ساکنان ہندواڑہ کے علاوہ شوکت احمد چودھری ساکنہ پونچھ راجوری کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے سو ، پچاس اور دس کے نقلی ڈالر برآمد کرنے کے علاوہ بڑی مقدار میں پاکستانی کرنسی بھی ضبط کی۔ پولیس نے مذکورہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی جس کے دوران انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ وادی کشمیر اور ملک کی دوسری ریاستوں میں نقلی ڈالر اور پاکستانی کرنسی پھیلانے کی کاروائیاں انجام دے رہے ہیں اور ا س ضمن میں ان کے مزید کئی ساتھی بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مغل دربار میں چھاپے کے دوران تین افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں جن کے قبضے سے نقلی ڈالر اور پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی ہے پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد کی کار ضبط کی گئی ہے اور انہیں گرفتار کرنے کے بعد ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ نصف درجن کے قریب ساتھیوں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے جو گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 27/2015زیر دفعہ 498b,c,420آر پی سی درج کیا گیا ہے۔

Share this post

Loading...