ابنائے تنویر، مرڈیشور، مقیمین دبئی کے زیرِ اہتمام تقریب رسم اجراء " روشن چراغ "

واضح رہے کہ یہ نشست ہندستان سے تشریف لائے ہوئے ایک نوجوان فاضل مولوی محمد حماد کریمی ندوی (مدیر مجلۃ ’’النصیحۃ‘‘)کے اسقبال اور خصوصاًان کی دیگر تصانیف کے ساتھ حال ہی میں مکتبہ الشباب العلمیۃ، لکھنؤ سے شائع ہونے والی تازہ تصنیف ’’روشن چراغ‘‘ کے اجراء کے لئے منعقد کی گئی تھی۔
جلسہ کی نظامت ابنائے تنویر کے اہم اور فعال رکن جناب مولانا مدثر علی باپو (مقیم ابوظبی) نے کی، جناب حافظ نور الحق صاحب گنگاولی (مقیم شارجہ) کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
تلاوت کلام پاک کے بعد ابنائے تنویر کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ناظم جلسہ نے مولوی محمد حماد کریمی ندوی سے اپنے تاثرات پیش کرنے کی درخواست کی۔
مولانا نے کلماتِ شکر کے بعد مختصراً اپنی علمی ودعوتی خدمات کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور دار العلوم ندوۃ العلماء سے فراغت کے بعد باقاعدہ طور پر جوکچھ علمی ودعوتی کام کرنے کا موقعہ ملا، یہ سب اللہ کا فضل اور والد ماجد جناب مولانا شرف عالم صاحب قاسمی کی دعاؤں اور کوششوں کا نتیجہ اور ثمرہ ہے۔
فی الوقت ہندستان کے طول وعرض میں جو کام ہورہے ہیں، وہ مندرجہ ذیل ہیں:
۱) جامعہ ربانیہ اشفاقیہ، جس کی بنیاد ۲۰۰۷ ؁ء میں رکھی گئی، فی الوقت اس میں ۳۰۰ طلباء زیر تعلیم ہیں، جن میں ۱۵۰ طلباء کے قیام وطعام کا انتظام جامعہ ہی کی طرف سے ہوتا ہے، نیز جامعۃ العابدات کے نام سے طالبات کی تعلیم کا بھی نظم ے، جس میں سو طالبات زیر تعلیم ہیں۔
۲) المہد الإسلامی العربی، اس ادارہ کے تحت بہار کے مختلف اداروں میں رمضان کی چھٹیوں میں یک ماہی عربی بول چال کورس کا نظم کیا جاتا ہے، جو پچھلے چار سالوں سے الحمد للہ بحسن وخوبی چل رہا ہے، امسال یہ کورس بہار کے مشہور شہر مظفرپور میں ۲۱؍ شعبان تا ۲۱؍ رمضان تک رہے گا، جس میں پورے ہندستان کے مدراس کے طلباء شرکت کریں گے۔
۳) مجلس ثقافت ونشریات اسلام، اس ادارہ کے تحت الحمد للہ دو سال کی مختصر مدت میں پندرہ سے زائد کتابیں عربی، اردو، نوائطی میں شائع ہوچکی ہیں، نیز انگریزی، ہندی اور کنڑ میں کام جاری ہے، اہم بات ہے کہ جملہ کتابوں میں سے پانچ کتابیں ایسی ہیں جن کے مصنف کی پہلی کتاب اس ادارہ سے شائع ہوئی ہے۔
۴) الاسلام اکیڈمی، مرڈیشور میں ایک سال قبل حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی دامت برکاتہم کی بھٹکل واطراف آمد کے موقع پر اس اکیڈمی کا آغاز کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد دعوتی وتحقیقی میدان میں کاکرنا ہے، بھٹکل واطراف میں مسلمانوں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں میں کام کی بھی اشد ضرورت ہے، اور اس کے لئے مواقع بھی فراہم ہیں، بس حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
۵)سہ ماہی عربی مجلہ ’’النصیحۃ‘‘ ، ہندستان سے الحمد للہ کئی عربی پرچہ شائع ہوتے ہیں، لیکن اس مجلہ کا طباعتی معیار عالم عربی کے مجلوں کے مطابق رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اب تک اس کے دو شمارے شائع ہو کر عرب وعجم میں پھیل چکے ہیں، اس کے رئیس التحریر جناب مولانا نعمان الدین صاحب ہیں، جن کو عربی صحافت کے میدان میں خدمت کا وسیع تجربہ ہے۔
مذکورہ بالا خدمات کے تعارف کے بعد مولانا نے حاضرین سے علمی وعملی ہر طرح کے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے اجتماعی طور پر کام کرنے اور فارغین کے لئے صحیح رخ دینے پر زور دیا۔
اس کے بعد مہمان خصوصی جناب مولانا ہاشم صاحب نے مولوی حماد کریمی ندوی اور ان کے والد ماجد جناب مولانا شرف عالم صاحب سے اپنے تعلقات کو بیان کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا، اور مزید اس سلسلہ میں پیش رفت کرنے کی دعا دی۔
اخیر میں مولوی حماد کریمی صاحب کی تازہ تصنیف ’’روشن چراغ‘‘ کا ابنائے تنویر کے صدر جناب حافظ عبد الخالق صاحب اور جناب مولانا ہاشم صاحب ندوی کے ہاتھوں اجرا عمل میں آیا۔
واضح رہے کہ یہ کتاب عالم اسلام کی موجودہ اہم شخصیات کے تعارف پر مشتمل ہے، یہ ایک نئے انداز سے ترتیب دی گئی کتاب ہے، جس کا اصل موضوع زندوں کی ان کی زندگیوں میں قدردانی اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے، ضرورت اس بات کی ہے اس کتاب کا تعارف پیش کیا جائے، اور اس کام کی صحیح قدر کی جائے۔
عصر کی اذان سے کچھ قبل مجلس کا اختتام ہوا۔
اس نشست میں سرپرستِ جماعت جدہ عبد الرحمن صاحب کے علاوہ مولانا ثناء اللہ صاحب گنگاوکی، مولانا عبد الغنی صاحب کوٹیشور، مولانا عبد الحئ گیما، جناب زاہد خطال، جناب نور الھدی خطال ، جناب حافظ طہ صاحب اور بھی دیگر اہم حضرات شریک تھے۔

Share this post

Loading...