بھٹکل 12دسمبر 2021 (فکرو خبر نیوز) ابناء جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا سالانہ اجلاس عام شاذلی مسجد میں کل رات بعد عشاء منعقد ہوا جس میں ابناء کے جنرل سکریٹری مولانا عرفان ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور سال بھر کی کارکردگی سامنے رکھتے ہوئے مختلف دعوتی اور اصلاحی کاموں کا خلاصہ بھی بیان کیا۔ مولانا نے بھٹکل کے مضافاتی علاقوں میں قائم ابناء کی یونیٹس سے ملاقات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے وہاں کی دعوتی سرگرمیوں کا بھی مختصراً تعارف پیش کیا۔
ابناء جامعہ کے صدر مولانا محمد انصار ندوی نے کہا کہ حقیقت میں یہ ابناء ابناء اسلام اور ابناء دین ہیں۔ معاشرہ میں ہماری ذمہ داریاں بڑھی ہوئی ہیں۔ لہذا ہمیں اپنی ذمہ داریوں کے احساس کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ ہمیں بڑوں کے تابع بن کر کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مولانا نے مثالوں کے ذریعہ اس بات کو بیان کیا کہ دنیا میں احیاء اسلام کا کام جن ممالک میں بھی ہوا ہے وہ سب بڑوں کے تابع بن کر رہنے کی وجہ سے انجام پایا ہے۔ مولانا نے ساتھ ہی ساتھ اپنی دعوتی ذمہ داری کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ ہم سب کو اس کے لیےی فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کن سے کیا کام لے گا کہا نہیں جاسکتا ۔ جب ہم اللہ سے اس میں اپنا حصہ مانگتے رہیں گے تو اللہ تعالیٰ ہمیں دعوت دین کے لئے قبول کرے گا۔
مولانا عبد الرب صاحب ندوی نے علماء کو عبادات میں انہماک پیدا کرنے کی طرف متوجہ کیا تو وہیں مولانا خواجہ معین الدین الرومی ندوی نے ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔مولانا عبد العظیم قاضیا ندوی کی دعا پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
