منگلورو 15جون 2020(فکروخبرنیوز) غیر قانونی طور پر بھینسوں کے منتقلی کے دوران بجرنگ دل کارکنان کی جانب سے گاڑی روک کر اس پر سوار افراد کے ساتھ مارپیٹ کئے جانے کا واقعہ کوٹارا نامی مقام پر منظر عام پر آیا ہے۔ ڈائجی ورلڈ نامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ تنظیم کے کارکنان نے انفوسیس بلڈنگ کے قریب گاڑی کو روکا اور اس پر سوار عبدالرحمن کو اتارکر اسے بری طرح پیٹا۔ رپورٹ کے مطابق گاڑی کے پچھلے حصہ میں اسے رسی سے باندھا گیا ہے اوراسے خوب زدوکوب کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مویشیوں کا نقل وحمل غیرقانونی طریقہ پر ہورہا تھا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے عبدالرحمن کو حراست میں لے کر اسپتال پہنچایا جہاں اس کا ہیلتھ چیک اپ اور کوویڈ ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد اسے جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس واقعہ کے تناظر میں اروا پولیس تھانہ میں دوہرا معاملہ درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مویشی جوکٹے سے مذبح خانے لے جارہے تھے۔ عبدالرحمن نے ہاویری ضلع کے رانی بنور سے دس مویشی منگوائے تھے جن میں سے چھ اس نے فروخت کردئیے تھے، جب اتوار کے روز وہ جوکٹے سے کدرولی جارہا تھا تو بجرنگ دل کارکنان نے اس کی گاڑی روک کر اسے زدوکوب کیا تھا۔
Share this post
