بھٹکل 02؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) ادارہ تربیت اخوان کی جانب سے جناب عبداللہ دامودی صاحب کے سانحۂ ارتحال پر ایک تعزیتی جلسہ نیو شمس انگلش اسکول میں آج صبح منعقد کیا گیا جس میں مرحوم کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے انہیں اپنی زندگی میں اپنانے کی نصیحت کی گئی ۔ ادارہ تربیتِ اخوان کے ناظم جناب عبدالقادر باشاہ صاحب رکن الدین نے ان کے کئی خوبیوں کو گناتے ہوئے ان کے سانحۂ ارتحال کو عظیم خسارہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص پیدا ہوا ہے اس کا ایک نہ ایک دن انتقال ہونا ہے لہذا اس کی تیاری کرنی چاہیے ، موت اگر ہمارے سامنے ہوگی تو کوئی غلط بات اور غلط کام چاہے اس کی صورت کچھ بھی ہو ہم نہیں کریں گے۔ انہوں نے ممبئی کے دور میں النوائط اخبار کے لیے کی جانے والی ان کی کوششوں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔ مولانا سید زبیر صاحب ندوی نے کہا کہ دنیا میں بہت سے لوگوں کا انتقال ہوتا ہے لیکن جو لوگ دوسروں کے لیے جیتے ہیں وہ ہمیشہ یاد کیے جاتے ہیں۔ مرحوم کی پوری زندگی دوسروں کی خدمت ہی میں گذری ۔ خدمت کرنے میں کوئی انہیں ایک عجیب طرح کی خوشی محسوس ہوتی تھی ، جب بھی خدمت کا موقع ہاتھ آیاچاہے وہ وقت سفر کا ہو یا حضر کا اس کی پروہ کیے بغیر انہوں نے یہ موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ ان کے علاوہ جناب عبداللہ رفیق صاحب نے مرحوم کے تعلق سے اپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔ مولانا عبدالعزیز رکن الدین ندوی کی تلاوتِ کلام پر یہ تعزیتی جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
Share this post
