آپ ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے ہے: مولانا محمد الیاس ندوی

مولانا موصوف کل بعد نمازِ عصر رابطہ ہال ، نوائط کالونی میں ایس آئی او شاخ بھٹکل کی جانب سے ’’ معاشرہ کی تشکیل میں طلباء کے لیے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت رول ماڈل ‘‘ کے عنوان کے تحت منعقدہ جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا موصوف نے طلباء سے اپیل کی کہ آپ ﷺ سیرت کو زندگی میں لایا جائے ۔ مولانا موصوف نے اس موقع پر کہا کہ داڑھی رکھنا اللہ کے نبی سنت ہے لیکن ہمارے طلباء کی ایک بڑی تعداد اس سنت پر عمل نہیں کرتی ، اللہ کے رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں زلفیں رکھیں لیکن آج ہمارے طلباء کسی فلم ایکٹر کی دیکھا دیکھی زلفیں رکھ رہے ہیں اور اس کو سنت سمجھ کر عمل نہیں کررہے ہیں ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھیوں نے پیوند لگائے ہوئے کپڑے پہنے لیکن آج اچھے کپڑوں کو پھاڑ کر پیوند لگاکر کپڑے پہنے جارہے ہیں ۔ یہ سارے کام ہمارے طلباء سنت سمجھ کر نہیں بلکہ کسی فلم ایکٹر کی زندگی کو دیکھ کر کررہے ہیں۔ مولانا موصوف نے طلباء کو غلط ماحو ل سے دوررہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ غلط ماحول ملنے پر اخلاق پر بہت برا اثر پڑتا ہے جس کی وجہ سے اس کی صلاحتیں بھی غلط کاموں میں استعمال ہونے لگتی ہیں۔ جلسہ کی صدارت کررہے جناب عبدالصمد العمودی نے کہا کہ سماج کی تشکیل نو کی ضرورت ہے اور یہ ضرورت اس وقت پوری ہوسکتی ہے جب ہم ایک دوسرے کے خیر خواہ او رمصلح بن جائیں۔ سماج کی تشکیل کے لیے ہمیں ایسے علماؤں کی قیادت کی بھی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف ہمیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی قیادت کرسکیں۔ ہمیں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی روشنی میں سماج کو تشکیل دینا پڑے گا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جن اصول پر سماج تشکیل دیا ہے ان ہی اصولوں پر قائم رہنے پر ہمیں اس کام میں کامیابی مل سکتی ہے۔ ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغاز ثناء اللہ اسدی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ افتتاحی کلمات مولانا عون رکن الدین ندوی نے پیش کیے اور نظامت مولانا ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی نے کی۔ مغرب کے قریب دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

Share this post

Loading...