دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، اگر ہوا تو آپ ذمہ دار ہوں گے : آلودہ پانی پینے سے ہوئی اموات پر وزیر اعلیٰ برہم

cmo, karnataka cm, siddaraimiah, koppal,

بنگلورو 12 جون 2023 :  کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے پیر کو کوپل اور رائچور ضلع میں حال ہی میں آلودہ پانی پینے سے ہونے والی اموات کی تحقیقات کا حکم دیا اور خبردار کیا کہ اگر ایسے واقعات ہوتے ہیں تو ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور انہیں معطل کیا جائے گا۔

چیف منسٹر نے ریاست کے کچھ حصوں میں پینے کے پانی کے مسائل کے پس منظر میں ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔

سدارامیا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ میں نے انکوائری کروانے کے لیے کہا ہے۔ کوپل میں دو لوگوں کی موت ہوئی تھی اور ایک کی موت آلودہ پانی پینے کی وجہ سے رائچور میں ہوئی تھی۔ میں نے انکوائری اور اس کے ذمہ داروں کا پتہ لگانے کے لیے کہا ہے۔

اجلاس کے دوران واقعہ کے حوالے سے افسران سے سوال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان سے پوچھا کہ آپ کیا کر رہے ہیں دفتر میں بیٹھ کر کام نہیں کرتے، جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور اس کی رپورٹ دیں تاکہ آلودہ پانی کی تباہی سے بچا جاسکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔  اگر دوبارہ ہوا تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ کوپل ضلع اور جہاں بھی آلودہ پانی پینے کی وجہ سے لوگوں کی صحت اور زندگی کو درپیش مسائل ہیں ان کی تحقیقات کریں۔

چیف منسٹر کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق چیف سکریٹری نے کہا کہ مقامی طور پر پہلے ہی تحقیقات جاری ہے، اور تحقیقات کے لیے بنگلورو سے بھی ایک ٹیم بھیجی جائے گی۔ سی ایم او نے کہا کہ دونوں رپورٹس موصول ہونے کے بعد مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Share this post

Loading...