یوم آزادی کے جلوس میں ساورکر کی تصویرپر اعتراض ، ایس ڈی پی ائی کے تین اراکین گرفتار


منگلورو: 16 اگست (فکروخبر نیوز ) پتور تعلقہ کے کباکا میں یوم آزادی کے جلوس میں خلل ڈالنےکے الزام میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے  تین اراکین کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ڈی پی آئی کے متعدد ارکان نے یوم آزادی کے موقع پر نکالے گئے  جلوس میں مہاتما گاندھی اور دیگر آزادی پسندوں کے ہمراہ ہندوتوا کے نظریاتی ونایک دامودر ساورکر کی تصویر شامل کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے جلوس کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

اس کے بعد ، ان کے اور کباکا گرام پنچایت اراکین کے درمیان لفظی جھڑپ ہوگئی ۔ ایس ڈی پی آئی کے اراکین نے یہ کہتے ہوئے ساورکر کی تصویر کی مخالفت کی کہ "ساورکرآزادی پسند نہیں تھا اور اس نے انگریزوں سے ہاتھ ملایا تھا۔انہوں نے ساورکر کے بجائے ٹیپو سلطان کی تصویر جلوس میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا  کیونکہ جنگ آزادی میں ان کا اہم کردار رہا ہے اور انہوں نے انگریزوں کے چھکے چھڑا دئے تھے۔

احتجاج کا ایک ویڈیو کلپ دکھایا گیا ہے کہ ایک خاتون گرام پنچایت ممبر مظاہرین کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ساورکر بھی ایک آزادی کے جنگجو تھے۔ کباکا گرام پنچایت میں بی جے پی کے حمایت یافتہ اراکین کی حکومت ہے اور ایس ڈی پی آئی کے دو ممبر ہیں۔

ایس ڈی پی آئی لیڈر عطاء اللہ جوکاٹے نے ساورکر کے خلاف ایس ڈی پی آئی کے احتجاج کو جائز قرار دیا ، اور الزام لگایا کہ پولیس نے ان کے اراکین کو پتور ایم ایل اے سنجیو ماتندور کے دباؤ کے باعث گرفتار کیا۔

ایس ڈی پی آئی نے مقامی پولیس سے رابطہ کیا کہ وہ پنچایت صدر اور پی ڈی او کو جلوس میں ساورکر کی تصویر شامل کرنے پر مقدمہ درج کرائے۔

کباکا پی ڈی او آشا نے سات لوگوں - عزیز ، نوشاد ، شمیر ، حارث ، ادو ، توصیف اور شفیع کے خلاف جلوس میں خلل ڈالنے کا الزام لگایا۔ پولیس نے عزیز ، شمیر اور عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا۔

 

Share this post

Loading...