انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت مسلمانوں کو خطرہ لا حق ہے غیروں سے اور اسلام کو خطرہ اور نقصان پہونچ رہاہے مسلمانوں سے ، جب تک مسلمان اندرونی اور داخلی کو تاہیوں کو دور نہیں کریں گے صرف برائے نام اسلام سے جڑے رہیں گے ،اور حقیقی معنوں میں جو اسلام کی تعلیمات ہیں اس پر عمل نہیں کریں گے ،اور اپنی زندگی میں اس کو اختیار نہیں کریں گے تب تک اپنے بیرونی مسائل کے حل کی کو ششوں میں کا میاب نہیں ہو سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری قوم اس بات کا رونا رو رہی ہے کہ ان کے پاس کوئی بھلا قائد نہیں ہے ،با الفرض اگر کوئی قائد آ بھی جائے تو وہ ہمارے حالات بدل نہیں سکتا جب تک کہ ہم خود اپنے حالات کو بدلنے اور درست کرنے کی کوشش نہ کریں ،انہوں نے نو جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بڑوں خصوصا اپنے والدین کا ادب و احترام کریں ،فضول اور لایعنی کا موں میں وقت کو ضائع نہ کریں ،صحت کی قدر کریں ،اللہ نے زندگی کا جو قیمتی وقت دیا ہے اسکی قدر کریں ،غنیمت مانیں ۔ صدر اجلاس مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اپنے صدارتی خطاب میں جمعیۃ علماء کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند وہ جماعت ہے جس کے احسان کو مسلمان تو کیا غیر مسلم بھی نہیں بھلا سکتے ، انہوں نے مسلم ریزرویشن کے سلسلے میں حکومت مہاراشٹر کی دوغلہ پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مہا راشٹر حکومت نے مارچ میں شروع ہونے والے اسمبلی سیشن میں مسلمانوں کے جا ئز مطالبات خصوصا مسلم ریزرویشن کی فراہمی کے معاملہ میں کوئی اہم پیش رفت نہیں کی تو جمعیۃ علماء مہا راشٹر پورے صوبہ میں جیل بھرو تحریک چلائے گی ۔ مولانا محمد طلحہ قاسمی بھیونڈی(خلیفہ و مجاز مولانا پیر ذوالفیقار احمد نقشبند ی) نے اپنے اصلاحی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی نے دنیا کے امور کو اسباب سے جوڑ رکھا ہے اسباب کو اختیار کئے بغیر دنیاوی کام مکمل نہیں ہو سکتے، اگرچہ وہ ان چیزوں کے کرنے پر بغیر اسباب کے بھی قدرت رکھتا ہے، لیکن وہ چاہتا ہے پہلے میرے بندے اسباب کو اختیار کریں پھر مجھ پر توکل کریں ،تو میں ان کو ان کی امید سے زیادہ دونگا ۔انہوں نے سامعین سے کہا کہ دینی ،دنیاوی کسی بھی معاملہ میں سستی ،کاہلی ،آرام طلبی سے احتراز کریں اور کامیابی کے لئے محنت ومشقت کرنے کی عادت ڈالیں ، تبھی ہم اپنی منزل مقصود کو حاصل کر سکیں گے ۔قاری خلیق احمد امام جامع مسجد مو من پورہ کی تلاوت کلام پاک سے کا نفرنس کا آغاز ہوا ،مولانا سراج احمد قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع ناگپور ) نے ضلع جمعیۃ کی دو سالہ کار کردگی رپورٹ پیش کی اور مہمانوں کے استقبال میں خیر مقدمی کلمات پیش کیا ،مولانا توقیر صدر مدرس مدرسہ مدینۃ العلوم نے اجلاس کی کاروائی چلائی ،شہ نشیں پر شہر ناگپور کے تمام مدارس کے علماء دینی تنظیموں کے ذمہ داران ،خصوصا مولانا محمد مر تضی قاضی شہر ناگپور ،مولانا سید عمران مہتمم دارالعلوم ناگپور ،مفتی محمد ظہیر قاسمی مفتی دار العلوم مومن پورہ ،مفتی عتیق الرحمن قاسمی ،صدر مدرس کامٹی ،مولوی عتیق الرحمن مفتاحی صدر مدرس وصیۃ العلوم ناگپور الحاج محبوب النبی ناظم مدرسہ حمید النبی ناگپور موجود تھے ۔اجلاس میں علاقے کے علماء ، ائمہ مساجد اور معزمین شہر کے علاوہ عامۃ المسلمین ہزاروں کی تعداد میں مو جود تھے ۔حافظ سہیل اطہر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع ناگپور نے علماء اور شر کاء اجلاس سے اظہار تشکر کیا ۔
’عظمتِ صحابیاتؓ ‘‘ عنوان پر تربیتی اجتماع انعقاد
بیدر۔19؍فروری۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔ام المؤمنین حضرت بی بی خدیجہؓ کی پیارے نبی ؐ سے محبت ، ایثاروقربانی اور رسالتِ دین کے کاموں میں آ پؓ کی ہمت افزائی کااعتراف اللہ نے خود جبرئیلؑ کے ذریعہ پیارے نبی کریم ؐکو یہ خوشخبری سناکر کیاکہ اسلامی اطاعت شعاربیوی ایسی ہونی چاہئیے۔یہ بات محترمہ افروزسلطانہ زوجہ مفتاح الدین نے کہی۔وہ’’عظمتِ صحابیاتؓ ‘‘ عنوان پر منعقدہ تربیتی اجتماع موقوعہ تلاؤڈی بمکان مرحوم جانی میاں ہاؤز بیدر میں خطاب کررہی تھیں ۔ انھوں نے بتایاکہ بی بی خدیجہؓ اس وقت رسوئی گھر میں پکوان میں مصروف تھیں اورجبرئیل امین نے اللہ کے رسول سے کہاجب خدیجہؓ آپ کے پاس آئیں تو کہناکہ اللہ نے ان پر سلام بھیجا ہے اور جنت میں موتیوں کا محل انھیں دینے کی خوشخبری دی ہے۔ محترمہ فردوس جہاں زوجہ مصباح الدین نے صرف عصری تعلیم ہی ہماری بچیوں کے لئے کافی نہیں ہے بلکہ قرآن کافہم وشعور بھی پیدا کراناآج وقت کی اولین ضرورت ہے۔ ہمیں ام المؤمنین حضرت ام سلمہؓ کی مثال بھی سامنے رکھنا ہے کہ کیسے انہیں قرآن سمجھ کر غوروفکر کرنے کی عادت تھی جس کی وجہ سے ہی اللہ نے ہم عورتوں کو دنیا میں عبادت کے ساتھ ساتھ اپنے آپ کو سنوارے رکھنے کی تفصیل سورۂ احزاب میں بیان کی ہے۔ ان احکامات کے نزول کاسبب یہ وجہ بنی کہ ام سلمہؓ نے نبی کریم ؐسے پوچھاکہ کیابات ہے قرآن میں صرف مردوں کے کرنے کے احکامات آرہے ہیں ،ہم عورتوں کو ذمہ داری نبھانے کے بارے میں وحی نازل نہیں ہورہی ہے یہ سن کر نبی کریم ؐ خاموش ہوگئے ۔ چندہی لمحوں میں جبرئیل امین آپ کے پاس حاضر ہوئے اورعورتوں کے کام کی آیتیں نبی کریم ؐ کوسناگئے۔ محترمہ تسلیم صاحبہ زوجہ سید سعودالدین نے بتایاکہ آج مسلم معاشرے میں بے چینی کی اصل وجہ عورتوں میں اسلام کی گھریلومعلومات کا نہ ہوناہے۔ جب کہ نبی کریم ؐ نے فرمایا شوہر کی اطاعت میں ہی جنت ہے اور اسکی نافرمانی میں آپ نے جہنم کی آگ میں جلنے کی وعید سنائی ہے۔ محترمہ بہاجت فاطمہ نے بتایاکہ بی بی عائشہؓ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ انھوں نے اپنی زندگی دین کو سمجھانے اور اس کی تبلیغ میں صرف کردی ۔ جس کی تصدیق ہمیں اس واقعہ سے بھی ملتی ہے کہ حضرت امیر معاویہ کے دور حکومت میں جب سب سے زیادہ دینی معلومات رکھنے والوں کاسروے کرایاگیاتو سب اس بات پر متفق ہوئے کہ سب سے زیادہ فقیہ اور صاحب علم بی بی عائشہ صدیقہؓ ہی ہیں ۔سید سعادالدین المعروف سادوبھائی نے پروگرام کے اختتام پر اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ بچوں کی تربیت میں ماں کااہم رول ہوتا ہے۔ سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ اور مولانا علی میاں ندویؒ سب نے اتنا بڑامقام پانے کی وجہ یہ بتائی کہ ہماری ماں نے ہمیں ہماری پانچ سال کی عمر میں ہی دین اسلام کا ہمیں صحیح فہم وشعور سمجھادیاتھا۔ محترمہ قیصر بیگم کی دعا پر اجتماع اختتام کو پہنچا۔ ***
بیدر کے محمدآباد آٹونگر کے بانی صدر محمد نذیر احمدکاانتقال پر ملال
بیدر۔19؍فروری۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔بیدر کے محمدآباد آٹونگر کے بانی صدر محمد نذیر احمد کا کل شب 9بجے کے قریب 45سال کی عمر میں سانحہ ارتحال ہوا۔اور آج مسجد محمودگاوان بیدر میں امام مسجد جناب عبدالوحید صاحب کی امامت میں نماز جنازہ پڑھی گئی ۔بعدازاں دائرہ مبارک شہید نزد قلعہ ورواہل گلی بیدر میں تدفین عمل میں آئی۔دینی ملی ‘ سماجی ‘‘ تعلیمی اور مُختلف سیاسی جماعتوں کی معروف شخصیات نما زجنازہ اور تدفین کے موقع پر موجودتھیں ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3لڑکیاں اور ایک لڑکا ہیں ۔ نذیراحمدکی باغ وبہار شخصیت کو تمام لوگ پسند کرتے تھے۔اقلیتوں خصوصاًمسلمانوں کیلئے سی ایف سی (کامن فیسلٹی سنٹر) کے قیام میں موصوف کے شب وروز لگے رہے۔وہ آٹونگر ضلع اور بیرون ضلع کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات سے محمدنذیر احمد کے خوشگوار تعلقات تھے۔ ہرش گپتا، اورسمیر شکلاجیسے ڈپٹی کمشنرس سے قریبی تعلقات رہے۔مختلف افراد نے اپنے گہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ فاتحہ سیوم بعدنماز جمعہ مسجد محمودگاوان بید رمیں مقرر ہیں ۔صحافی جناب محمد امین نواز نے جناب محمد نذیر کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و الم کا اِظہار کیا اور ان ملی ‘ سماجی خدمات کو خراج پیش کرتے بتایا کہ مرحوم کی ہی دن رات کی محنتیں تھیں کہ نوآباد میں محمدآبادآٹوگر کا قیام عمل میں آیا‘اور وہاں سینکڑوں لوگ اپنے روزگار سے جُڑے ہوئے ہیں۔ مرحوم کے اس کارنامہ کو ہرگز بھلایا نہیں جاسکتا ۔اللہ مرحوم کو جنت الفردوس اعلی مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے ۔ ***
اچانک آگ لگ جانے سے گنے کی کاشت جل کر راکھ
بیدر۔19؍فروری۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔اچانک آگ لگ جانے سے گناجل کر راکھ ہونے کاحادثہ بیدر تعلقہ کے کنگٹی دیہا ت میں منگل کو پیش آیا۔ دیہا ت کے سدیا سوامی کے کھیت میں یہ حادثہ پیش آیا۔ تین ایکٹر زمین پر لگایا گیا گنا ، اور پائپ لائننگ ،اور 30عدد پائپ کے علاوہ آم کے درخت جل گئے۔ سدامیا سوامی کے بموجب 1.75لاکھ کا نقصان ہواہے۔ جیسے ہی آگ لگنے کی اطلاع ملی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ اور آگ بجھانے میں تیزی دکھائی۔***
سر زمین بھالکی پر پہلی مرتبہ علماء و حفاظ کا مشاورتی اجلاس بتاریخ 22؍فروری کو
بیدر۔19؍فروری۔(فکروخبر/محمدامین نوازبیدر)۔مولانا محمد تصدق ندوی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے بموجب سر زمین بھالکی پر پہلی مرتبہ علماء و حفاظ کا مشاورتی اجلاس بتاریخ 22؍فبروری 2015بروز اتوار صبح دس بجے تا بارہ بجے بمقام مسجد نور نزد ریلوے اسٹیشن بھالکی منعقد کیا گیا ہے اس اہم اجلاس کی صدارت حضرت مولانا محمد شریف مظہری نائب صدر جمعیت علماء ہند ریاست کرناٹک فرمائیں گے ، مولانا مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء ہند ضلع بیدر اور مو لانا محمد تصدق ندوی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند ضلع بیدر بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک اجلاس رہیں گے۔بعد اختتامِ اجلاس 12تا نماز ظہر جلسہ عام بعنوان’’ سیرت النبی ؐ و اصلاح معاشرہ‘‘ منعقد ہوگا جس کو مشہور عالم دین مولانا پی یم مزمل والا جاہی امام و خطیب مسجد عمر فاروق بنگلور خطاب فرمائیں گے ۔لہٰذا تعلقہ بھالکی کے جمیع علماء حفاظ اور عوام الناس سے گذارش کی جاتی ہے کہ اس اہم ترین اجلاس و جلسہ عام میں اپنی شرکت کو وقت کی پابندی کے ساتھ یقینی بنائیں اور ایمان افروز خطابات سماعت فرمائیں ۔**
Share this post
