مادیت کے اس دور میں مصنفین کا پایا جانا بہت بڑی بات ہے : مولانا عبدالباری ندوی

مولانا موصوف آج بعد عصر جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے زیر اہتمام جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد کے متصل گراؤنڈ میں منعقدہ مولانا عبدالقادر فیضان باقوی کے کتابوں کے رسمِ اجراء کی تقریب کے موقع پر حاضرین سے مخاطب تھے۔ مولانا نے اس موقع پر اہلِ علم کی قدر وقیمت پر اپنے مفید خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کا درجہ بہت بلند کیا ہے اور قرآن مجید اور احادیث نبویہ ﷺمیں واضح الفاظ میں ان کا مرتبہ بیان کیا ہے ۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاد حدیث مولانا خواجہ ندوی مدنی نے وقت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان وقت کا صحیح استعمال کریں تو ہرمیدان میں آگے بڑھ سکتا ہے ۔ مولانا عبدالقادر فیضان باقوی ندوی قوم کے علماء کے لیے مثالی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے اپنے وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے تصنیفی میدان میں قدم رکھا ۔ مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود ندوی نے کہا کہ قومِ ناخدا میں بھی ایسے افراد پیدا ہورہے ہیں جو علمی میدان میں اپنے جوہر دکھلارہے ہیں اور اسی کی ایک کڑی مولانا عبدالقادر فیضان ہے ۔مولانا نے کہا کہ ایک زمانہ میں ہماری قوم ناخواندہ تھی اور ناخواندگی کو دور کرنے کے لیے قومِ ناخدا کا پہلا مدرسہ کی بنیاد تینگن گنڈی میں ڈالی گئی اس کے بعد سے علم کی ہوا چلی اور اسی کے ایک فارغ مولانا عبدالقادر فیضان باقوی ہے جن کو اللہ نے اس مقام تک پہنچایا ہے ۔ واضح رہے کہ اس جلسہ کا آغاز مولانا اسماعیل ڈانگی ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت شاہد ڈانگی نے پیش کی ۔ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا ملامحمد اقبال ندوی نے مولانا عبداالقادر فیضان باقوی کی حالیہ تصنیفات ، سوغاتِ حج ، رمضان کے تیس دروس اور فیضان الحج کا اجراء کیا ۔ اس موقع پر مصنف کی خدمت میں جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے علاوہ مقامی اسپورٹس سینٹروں کی جانب سے مومنٹو پیش کیا گیا۔ نظامت کے فرائض مولانا اسماعیل پوتکار ندوی نے انجام دئیے اور قریب المغرب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد ملا اقبال ندوی کی دعائیہ کلمات پر اس جلسہ کا اختتام ہوا ۔ اسٹیج پر ناظم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی جناب حافظ عبدالقادر ڈانگی کے علاوہ جماعت کے ذمہ داران موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...