دونوں جہاں کی کامیابی سنتِ رسول ﷺ میں ہے : پروفیسر ارشاد صاحب

دنیا کی ساری قومیں بھی متحد ہوکر اللہ کی قدرت میں کسی چیز کا اضافہ کرنا چاہیں تو نہیں کرسکتیں اور کمی کرنا چاہے تب بھی کمی نہیں کرسکتی ۔ ان خیالات کا اظہار بنگلور سے تشریف لائے پروفیسر ارشاد صاحب نے کیا ۔ وہ یہاں آج بعد نماز عصر جامع مسجد تینگن گنڈی میں منعقدہ ناخدا برادری کے یک روزہ اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ موصوف نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری دنیا اللہ کی محتاج ہے اور اللہ ہمارا محتاج نہیں ۔ دنیا کا پورا نظام اللہ اپنی قدرت سے چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے بڑی سنت دعوت کی محنت ہے ، اللہ کا پیغام دوسروں تک پہونچانا ہے اوراپنی قوتوں کو اعلاء کلمۃ اللہ کے لیے صرف کرنا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا میں تشریف لانے کے بعد اس کام کو انجام دیا اور پوری زندگی اس دعوت کی محنت کو کرتے رہے ۔ لہذا ہمیں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو تھام کر زندگی بسرکرنی چاہیے اور اللہ کے تمام احکامات کو قبول کرتے ہوئے دین کے اس کام کو صبر ، توکل اور اخلاص کے ساتھ انجام دینا ہے ۔ موصوف نے رمضان کے تعلق سے کہا کہ خیروبرکت والا مہینہ عنقریب آنے والا ہے اور اس میں اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگ مسائل میں الجھے رہتے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسائل علماء کے حوالے کریں اور لوگوں کو عبادت میں جوڑیں ۔ واضح رہے کہ اس اجتماع میں کمٹہ سے شیرور تک بسنے والے ماہی گیروں کو جوڑا گیا تھا اور اس علاقہ میں اس نوعیت کا یہ پہلا اجتماع ہے ۔ یہ کل عصر بعد سے شروع ہوکر آج عصر بعد قریب چھ بجے موصوف ہی کی دعا پر اس کا اختتام ہوا ۔ قریب ہزار سے پندرہ سو لوگوں نے اس میں حصہ لیتے ہوئے مختلف دینی واصلاحی بیانات سے مستفید ہوئے ۔

 

Share this post

Loading...